2 yrs ·Translate

قراءات سبعہ کورس میں ہر مہینے کسی ایک کتاب کا باقاعدہ مطالعہ بھی کروایا جاتا ہے، تاکہ شرکاء اس فن کے اصول اور مسائل سیکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی تاریخ، تدوین، تراث اور تنقید وغیرہ سے بھی واقف ہوں اور اس کورس کے بعد بھی باقاعدہ مطالعہ جاری رکھ سکھیں۔ اس مہینے، "قراءات سبعہ کورس برائے حفاظ کرام" کے شرکاء کیلئے ڈاکٹر عبدالہادی فضلی کی کتاب "القراءات القرآنیہ تاریخ و تعریف" کا انتخاب کیا گیا، کورس کے شرکاء میں زیادہ تر حضرات عربی زبان سے واقف نہیں، اس لئے اس کتاب کا اردو ترجمہ منتخب کیا گیا، اردو ترجمہ جناب قاری مصطفی راسخ صاحب نے کیا ہے۔
اس کتاب کو منتخب کرنے کا مقصد کورس کے شرکاء کو قراءات کی تعریف، تاریخ، تدوین، تقسیم، معیار اور اختلاف قراءات کی نوعیت اور اسباب سے روشناس کرانا تھا۔ فاضل مصنف نے کتاب میں مذکورہ موضوعات پر عمدہ بحث کی ہے، ماہرین کے اقوال نقل کرکے ان میں ترجیح و تطبیق کے ذریعے کسی نتیجے تک پہنچنے کی بھی کوشش کی ہے۔
کتاب میں بنیادی طور پر سات فصلیں ہیں: پہلی فصل میں قراءات کی تاریخ ہے، جس میں قراءات کے نزول سے لے کر باقاعدہ تدوین تک کے زمانے کو سولہ مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے، مراحل کی اس تفصیلی تقسیم کی وجہ سے قراءات کی تاریخ کو سمجھنا اور اس سے نتائج اخذ کرنا آسان ہوگیا ہے، فاضل مصنف نے جابجا انہی نتائج کی طرف اشارے بھی کئے اور مستشرقین سمیت بعض دیگر علماء کے تسامحات بھی واضح کئے ہیں۔دوسری فصل قراءات کے تعارف سے متعلق ہے، اس فصل میں قراءات کی مشہور تعریفات کا تجزیہ کرکے جامع تعریف کرنے کی کوشش کی گئی ہے، قراءات کی مشہور تقسیم کا تجزیہ کیا گیا ہے، اس تقسیم کے محرکات پر بحث کی گئی ہے، قراءات اور قرآن مجید کے تعلق پر مختلف موقف نقل کرکے ان میں ترجیحی موقف کی وضاحت کی گئی ہے۔ تیسری فصل می قراءات کے مصادر پر گفتگو کی گئی ہے، فریقین کے دلائل کا تجزیہ کرکے جمہور کے موقف کو ترجیح دی گئی ہے۔چوتھی فصل میں اختلاف قراءات کی نوعیت اور اس کے اسباب کا تذکرہ کیا گیا ہے، مستشرقین کے بعض اعتراضات کا تحقیقی تجزیہ کیا گیا ہے، آخر میں تمام اسباب میں تطبیق دی گئی ہے۔ پانچویں فصل میں اختیار قراءات کی وضاحت کی گئی ہے، اس فصل کے متعلقہ مباحث پہلی و دوسری فصل کے ضمن میں بیان ہوچکے تھے اس لئے انہیں باقاعدہ ذکر نہیں کیا گیا۔ چھٹی فصل میں قراءات کے معیار کا تذکرہ ہے، اس میں مختلف علما کے معیارات کا تجزیہ کیا گیا ہے اور تطبیق و ترجیح کے ذریعے نتیجے تک پہنچنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ساتویں فصل میں قراءات اور تجوید میں فرق کی وضاحت کی گئی ہے، یہ فصل دوسرے ایڈیشن میں شامل کی گئی تھی، نہایت مختصر ہے اور بعض ضروری باتوں کی وضاحت بھی نہیں کرتی، مجموعی طور پر یہ کتاب اپنے موضوع کی مختصر اور بہترین کتاب ہے
کتاب اس لنک سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے:
https://kitabosunnat.com/kutub....-library/qiraat-e-qu
#chanar
#qiraat

image