2 yrs ·Translate

#معجزہ #نیازامام #کونڈے #نیازکےکونڈے #نیازجعفرصادق
معجزہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام
نیاز امام جعفر صادق علیہ السلام کے موقعہ پر پڑھنے کے لیئے معتبر کتب سے منقول امام جعفر صادق علیہ السلام کا معجزہ اور فرامین امام علیہ السلام۔ مع طریقہ نیاز و دعا : تحریر و پیشکش : اعجاز علی مرزا )
بسم اللہ الرحمان الرحیم
اللھم صل علی محمد و آل محمد
معتبر کتب میں یہ روایت بیان کی گئی ہے کہ ایک سفر کے دوران جب حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام اور ان کے کچھ ساتھی کسی صحرا سے گذر رہے تھے تو انہوں نے وہاں ایک کنواں دیکھا ۔ امام علیہ السلام نے اپنے کسی ساتھی کو اس کنوئیں سے پانی لانے کے لیئے بھیجا ۔ جب وہ شخص کنوئیں پر گیا تو اس نے دیکھا کہ وہ کنواں بہت گہرا ہے اور اس کا پانی بھی خشک ہو چکا ہے ۔ اس نے حضرت امام علیہ السلام کی خدمت میں عرض کیا کہ مولا کنوئیں میں پانی نہیں ہے ۔
اس کی بات سن کر امام جعفر صادق علیہ السلام کنوئیں کے نزدیک تشریف لائے اور آپ نے کنوئیں سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا :
“ اے سننے والے اور اپنے رب کے فرمانبردار کنوئیں !! جو پانی تیرے اندر ہے ، اللہ کے اذن سے ہمیں پلا دو “ ۔
امام عالی مقام کی زبان معجزبیان سے ان الفاظ کا صادر ہونا تھا کہ اس خشک کنوئیں میں فی الفور پانی نمودار ہونا شروع ہو گیا اور اس کی سطح اس قدر بلند ہو گئی کہ وہ خشک و بے آب کنواں پانی سے لبریز ہو گیا اور وہاں موجود تمام لوگ اس کے پانی سے سیراب ہو گئے –
( صلوات ) اللھم صل علی محمد و آل محمد ۔
یہی راوی بیان کرتا ہے کہ اس کے بعد ہم نے سفر جاری رکھا حتی کہ ہم ایک ایسے مقام پر پہنچے جہاں کھجور کا سوکھا ہوا درخت ایستادہ تھا ۔ ہم اس کے قریب گئے ۔مولا امام جعفر صادق علیہ السلام نے کھجور کے اس سوکھے ہوئے درخت کو حکم دیتے ہوئے فرمایا :
“ اے کھجور کے درخت !! اللہ نے جو کچھ تم میں رکھا ہے اس میں سے ہمیں کھلاؤ ۔”
جیسے ہی امام عالی مقام حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی زبان معجز بیان سے یہ الفاظ جاری ہوئے کھجور کا وہ خشک و بے ثمر درخت فوری طور پر سرسبز و شاداب ہو گیا اور اس سے تر و تازہ کھجوریں گرنے لگیں ۔
( صلوات ) اللھم صل علی محمد و آل محمد
حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کریم ابن کریم ہیں اپنے اجداد کی طرح آپ کا دسترخوان بھی بے حد وسیع تھا ۔ آپ کا فرمان عالی شان ہے کہ : "عمدہ کھانا پکاؤ ، اپنے دوست و احباب کو بلاؤ اور ان کے ساتھ کھاؤ اور کھلاؤ "
( صلوات ) اللھم صل علی محمد و آل محمد
اسی طرح کتب احادیث میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا یہ فرمان بھی نقل کیا گیا ہے کہ “ جو کوئی کسی مومن کو میٹھی چیز کھلائے گا اللہ تعالی اسے قیامت کے دن کی تلخی و کڑواہٹ سے محفوظ رکھے گا”
(صلوات) اللھم صل علی محمد و آل محمد
صادق آل محمد حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نہ صرف اپنے اصحاب و پیروکاروں کو اس بات کی ترغیب دیا کرتے کہ آپس میں میل ملاپ رکھا کرو اور ایک دوسرے کو کھلایا پلایا کرو بلکہ آپ علیہ السلام خود بھی اس امر خیر کا اہتمام کثرت سے فرمایا کرتے تھے ۔ علامہ باقر مجلسی رح سے منقول ہے کہ صادق آل محمد حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام اکثر عمدہ روٹیاں ، نفیس فرینی اور لذیذ حلوہ لوگوں کو کھلایا کرتے تھے۔
(صلوات) اللھم صل علی محمد و آل محمد
آج ہم اسی امام عالی مقام کو یاد کرتے ہوئے مختلف اقسام کے میٹھے اور دیگر انواع کے پکوان تیار کر کے ان پر حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی نیاز دے رہے ہیں۔ اللہ رب العالمین اس نذر و نیاز کو اپنی بارگاہ میں قبول و منظور فرمائے اوراس نیاز کا اہتمام کرنے اور اس میں شرکت کرنے والے تمام افراد کی دلی مرادوں کو پورا فرمائے ۔ آمین یا رب العالمین بحق محمد و آلہ الطاہرین
طریقہ نیاز
ایک صاف ستھرے ، پاک و پاکیزہ اور معطر و خوشبودار مقام پر دسترخوان بچھا کر تیار کردہ نیاز کو مٹی کے پاک و پاکیزہ کونڈوں میں رکھیں اور اس کے ساتھ پانی سے بھرا ایک گلاس بھی دسترخوان پر رکھیں ۔
اس کے بعد تمام حاضرین مل کر پانچ مرتبہ درود شریف پڑھیں ۔ بعد ازاں ایک مرتبہ سورہ الحمد اور تین مرتبہ سورہ اخلاص کی تلاوت کریں ۔ آخر میں تمام حاضرین مل کر پانچ مرتبہ دورو شریف پڑھیں اور اس کلام و طعام اور نیاز کا ثواب امام جعفر صادق علیہ السلام کی بارگاہ میں ہدیہ کرتے ہوئے اللہ رب العزت کو حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا واسطہ دیتے ہوئے اپنی حاجات طلب کریں ۔
دعا
اللھم صل على محمد و آل محمد
یا محمود بحق محمد يا اعلیٰٖ بحق علی یا فاطر بحق فاطمة يا محسن بحق الحسن يا قديم الإحسان بحق الحسين علیہ السلام
خدایا تجھے محمد و آل محمد علیھم السلام کا واسطہ تمام مومنین کی مشکلیں آسان فرما ، جو بیمار ہیں انہیں شفائے کاملہ عنایت فرما جو مفلس ہیں انہیں مال و دولت عطا فرما پروردگار عالم تجھے امام جعفر صادق علیہ السلام کا واسطہ تمام مومنین کی خزانہ غیب سے نصرت و مدد فرما ۔ ان کے رزق و روزی میں وسعت و برکت عنایت فرما۔ جو مقروض ہیں انہیں قرض سے نجات عطا فرما ، جو پریشان حال ہیں ان کی پریشانیاں دور فرما ، جو مومنین بے گھر ہیں انہیں من پسند گھر عطا فرما ، جو غیر شادی شدہ ہیں ان کی شادی کا جلد انتظام فرما ، جو شادی شدہ ہیں انہیں شاد و آباد فرما ، جو بے اولاد ہیں انہیں نیک و صالح اولاد عنایت فرما ، خدایا ہمارے بزرگوں ، بچوں ، جوانوں اور خواتین کی حفاظت فرما ، ہم سب کو ہر قسم کی آفات و بلیات سے محفوظ فرما ۔
جو مومنین و مومنات حج و زیارات کے خواہش مند ہیں انہیں حج و زیارات کی سعادت سے جلد از جلد مشرف فرما۔
خدایا ہمارے مرحومین کی مغفرت فرما ۔ انہیں جوار معصومین ع میں جگہ عنایت فرما ۔
پاک پروردگار تجھے واسطہ محمد و آل محمد علیھم السلام کا ہمارے نیک اعمال قبول و منظور فرما ، ہمارے گناہوں کو معاف فرما اور ہمیں محمد و آل محمد علیھم السلام کے احکامات پر عمل کرنے کی توفیق

image