2 yrs ·Translate

آنکھیں حریص نوچ لوں ، چہرے ادھیڑ دوں
جتنے غلط بُنے گئے ، لہجے ادھیڑ دوں

پھر ساری ڈوریوں کو میں سلجھاؤں بیٹھ کر
آپس میں جو الجھ گئے ، فرقے ادھیڑ دوں

منظر دکھا رہی ہے وہ جو دیکھنے نہ تھے
ایسا نہ ہو میں آنکھ کے خُلیے ادھیڑ دوں

جرّاحِ وقت! ٹھیک سے پیوند کر یہ زخم
رسنے لگیں تو یہ نہ ہو سارے ادھیڑ دوں

اتنی بری ہے عالمِ وحشت میں ایک روز
اس الٹی کائنات کے ریشے ادھیڑ دوں

دم گھٹ رہا ہے آج تو پوشاکِ عمر میں
دل ہے کہ اس لباس کے بخیے ادھیڑ دوں

کومل جوئیہ