کراچیدنیا نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کہیں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، اس لئے عید الاضحیٰ 10 جولائی کو ہوگی۔

ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت کراچی میں ہوا، اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے ارکان، محکمہ موسمیات و دیگر متعلقہ اداروں کے ارکان بھی شریک تھے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ذی الحج کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اور یکم ذی الحج یکم جولائی 2022 کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں کہیں سے بھی ذی الحج کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اور ملک بھر میں کہیں سے کوئی شہادت موصول نہ ہونے کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا عیدالاضحیٰ 10 جولائی کو منائی جائے گی۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق ذی الحج کا چاند آج صبح 7 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوا،غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 11 گھنٹے اور 49 منٹ ہے، پنجاب میں غروب آفتاب کا وقت 7 بج کر 13 منٹ ہے، چاند 7 بج کر 45 منٹ یعنی 32 منٹ تک دیکھ جا سکتا ہے، چاند کی عمر 19گھنٹے سے کم ہو تو ملک کے کسی کونے میں کہیں نظر نہیں آتا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا کہ چاند کی عمر 26 گھنٹے تک ہو جائے تو وہ نظر آ سکتا ہے۔