1 y ·Translate

ازل سے وقت کا کام گذرنا ھے، لمحے دنوں اور دن مہینوں میں تبدیل ھوتے رھتے ھیں ، وقت کی اس تیز آندھی کی زد میں آئے ھوئے ھم، کسی خزاں رسیدہ پتے کی مانند اڑتے پھر تے ھیں، عجیب بوکھلائے بو کھلائے سے، ھنستے، روتے، گاتے ، اداس ھوتے ھوئے، چنچل لمحوں کی انگلیاں جب دلوں کو گدگداتی ھیں تو روح میں کلیاں چٹخنے لگتی ھیں، ایک الوھی مہک مشام جاں میں اترکر زندگی کے معنی و مطالب کو بدل کر رکھ دیتی ھے، دوسری اور جب سرمئی گھٹائیں امڈ امڈ کر آتی ھیں اور اندھیرا بڑھنے لگتا ھے تو دل کانپ کانپ جاتا ھے،آنکھوں کے فرش پر پھیلتی نمی زندگی کوبو جھل کردیتی ھے، اصل میں یہ سارے موسم ھمارے اندر ھوتے ھیں، جو باھر کے موسموں پر بھی اثر انداز ھوتے ھیں ،

آج سال کے اس آخری دن پیچھے مڑ کر دیکھیں تو سمے کی فلم آنکھوں میں چلنے لگتی ھے، کیا کھویا؟ کیاپایا؟
لیکن کبھی کبھی سود و زياں کے گوشواروں سے ھٹ کر دیکھیں تو بہت کچھ نظر آتا ھے، وہ لمحے جنہوں نے اپنی محبت بھری انگلیوں سے ھمارے درد چن کر ھمارے اندر سکینت اتاری،وہ نادیدہ ھاتھ جو اس وقت بڑھے جب ھم توازن کھو چکے تھے اور بہت آھستگی سے ھمیں تھام لیا، بنا بتائے، وہ آنکھیں جو ھمارے درد کو محسوس کر کے نم ھوئیں اوروہ دھڑکنیں جو ھماری ھیجان خیز دھڑکنوں میں گھل کر ھمیں پر سکون کرتی رھیں،وہ مہربان و مشفق وجود جو سردیوں کی یخ راتوں کو اٹھ اٹھ کر اس رحمان خدا سے ھماری سلامتی، ھماری خوشیوں کی بھیک مانگتے رھے،وہ پل جنہوں نے ھمارا دامن اتنا بھر دیا کہ ھم سیراب ھوگئے، یہ مت سوچئیے کہ آپ کو کیا ملا، یا آپ نے کیا پایا

یہ سوچئیے کہ آپ نے کیا دیا ، سوچ کی یہ ذرا سی تبدیلی آپ کو بہت پر سکون کر دے گي.....!!!

image