1 y ·übersetzen

میرے استاد ڈاکٹر اختر احسن نے ہمیشہ ہمیں مرض کی علامتوں سے باخبر رہنے اور ان کی بجائے اصل مسئلہ پر توجہ دینے کا سبق دیا۔ جب اس بنیادی نکتے کو ملک کی موجودہ صورت حال کو سمجھنے کے لیے استعمال کرتا ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ مہنگائی، کرپشن، خراب معیشت، دہشت گردی، سیاسی عدم استحکام اور فرقہ واریت وغیرہ وغیرہ سب علامات ہیں اور یہ سب اصل مسئلہ کی جانب بجا طور پر نشاندھی کرتی نظر آتی ہیں جو ملک میں پاور سنٹر کی مختلف اوقات میں مختلف نوعیت کی کارگزاریاں ہیں۔ پینترے بدل بدل کر، کبھی سامنے آکر اور کبھی شراکت کاروں کے پیچھے چھپ کر، کبھی بہیمانہ جبر کے ذریعے اور کبھی پس پردہ ہاتھ مروڑ کر اپنے استبداد کو مسلط کرنے کا کام تاحال جاری ہے ۔ اقتصادی حالات آج نہیں تو کل ذرا سنبھل جائیں گے مگر ان پاور سنٹر نے ذہن سازی کا جو مکروہ دھندہ کیا ہے اس کا مداوا شائد ہی کبھی ہوسکے۔ دانشوروں کو تو سیم و تھور قرار دے کر کبھی کا ختم کردیا گیا تاکہ ذہن سازی کے راستے میں راست بات کہنے والا کوئی آ ہی نہ سکے لہٰذا اب اس مکروہ دھندے میں دست راست یا مذہبی لوگ ہیں یا پھر بکے ہوئے صحافی ۔۔۔۔اور ان سب کا کام پاور سنٹرز کی تائید میں اصل مرض سے پہلو تہی کرتے ہوئے عوام کو علامتوں میں الجھانا ہے۔