سوشل میڈیا: زحمت نہیں رحمت
سوشل میڈیا کے فائدے اور نقصانات دونوں ہیں، لیکن "اثمہا اکبر من نفعہا"، میرا چالیس فیصد وقت سوشل میڈیا ہی پر گزرتا تھا،جس میں سے ایک فیصد بھی ضروری کاموں میں خرچ نہیں ہوتا تھا، اب الحمدللہ کافی بہتری آئی ہے، اگر آپ بھی ان کا بامقصد استعمال کرنا چاہتے ہیں تو چند باتوں کا خاص خیال رکھیں:
1: تنہائی میں استعمال نہ کریں:
تنہائی میں غلط کاموں میں مبتلا ہونے کے امکانات سو فیصد بڑھ جاتے ہیں اور سوشل میڈیا نے فواحش تک رسائی بہت آسان کردی ہے، علاوہ ازیں تنہائی میں کوئی توجہ دلانے والا بھی نہیں ہوتا اور ہم سوشل میڈیا کا نسبتا زیادہ اور غیر ضروری استعمال کرلیتے ہیں، لہذا کوشش کریں سوشل میڈیا کا تنہائی میں کبھی استعمال نہ کریں
2: کونوا مع الصدقین:
یہ سوشل میڈیا کے استعمال کا نسخہ کیمیا ہے کہ آپ نیک اور بامقصد لوگوں کو فالو کریں، اچھے گروپس جوائن کریں، اچھے دوست بنائیں کیونکہ سوشل میڈیا پہ آپ کو نظر آنے والی پوسٹس آپ کی پسندیدہ شخصیات، گروپس اور آپ کے دوستوں ہی کی ہوتی ہیں، تو جیسی آپ کی پسند ہو گی ویسی ہی پوسٹیں آپ کے سامنے آئیں گی۔
3: انما لکل امری ما نویٰ:
سوشل میڈیا پر جانے سے پہلے نیت کرلیں، آپ وہاں کیوں اور کتنی دیر کیلئے جا رہے ہیں؟ پہلے خاکہ بنائیں کہ میں کسے کیوں اور کتنا سنوں گا؟ کیا کیوں اور کیسے لکھوں گا؟ پھر انہی کو سرچ کریں، سنیں ۔ وہی لکھیں اور واپس آجائیں، واپسی پر ایپ کلوز کردیں ورنہ ٹھیک پانچ منٹ بعد آپ پھر ایپ میں گھسے ہوں گے
4: کل فی کتاب مبین:
کراما کاتبین تو سب کچھ لکھتے ہی ہیں، سوشل میڈیا کا الگورتھم بھی آپ کا نامہ اعمال مرتب کرتا رہتا ہے اگر آپ اپنی سرچ ہسٹری ڈیلیٹ بھی کردیں تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کیا دیکھتے ہیں اور آپ کو کیا دکھانا ہے وہ آپ کی دلچسپی کی ویڈیوز دکھاتا رہے گا اور آپ کو احساس تک نہیں ہوگا کہ آپ کتنا وقت ضائع کرچکے ہیں۔
5: خودکار محاسبہ:
پلے اسٹور سے متعلقہ ایپس ڈاؤن لوڈ کرلیں جو آپ کو احساس دلاتی رہیں گی کہ آپ کو سوشل میڈیا پر کتنا وقت ہوگیا ہے، فیس بک کی سیٹنگ میں بھی آپشن موجود ہے جہاں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کب سے مسلسل سوشل میڈیا استعمال کررہے ہیں، سیٹنگ میں ایم بیز کی حد مقرر کرلیں کہ میں روزانہ سوشل میڈیا پر اتنا ڈیٹا ہی استعمال کروں گا، مقرر کردہ ایم بیز پورے ہوتے ہی آپ کا نیٹ خود بخود بند ہو جائے گا
6: تتخذون منہ سکرا و رزقا حسنا:
سوشل میڈیا کے نشے میں مبتلا ہونے کی بجائے اس سے رزق حسن حاصل کریں، اس وقت سوشل میڈیا سے کمانے کے حلال، مستند، آسان اور بابرکت طریقے سامنے آچکے ہیں اور لوگ اس سے دھڑا دھڑ فائدہ اٹھا رہے ہیں، سیکھئے اور کمانا شروع کردیجئے، کلوا واشربوا ولا تسرفوا
حافظ محمدتنویرالحق
Muhammad Tanweer
#social_media

image